السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
علمائے کرام ومفتیان عظام کی بارگاہ میں یہ سوال پیش خدمت ہے کہ کیا زکات کے روپیہ سے مدر سے کا تعمیری کام لے سکتے ہیں یا نہیں
سائل توصیف رضا مینائی؛ گونڈہ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک والوہاب
زکاۃ کا پیسہ حیلہ شرعی کر کے مدرسے میں لگا سکتے ہیں بغیر حیلہ شرعی زکاۃ کی رقم مدرسہ کی تعمیری کام میں نہیں لگاسکتے
جیسا کہ حضرت مفتی جلال الدین احمد امجدی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: زکاۃ و فطرہ کی قسم کو براہ راست مدرسہ کی تعمیر یا مدرسین کی تنخواہوں میں صرف کرنا جائز نہیں اس لیے کہ زکوٰۃ و فطرہ کی ادائیگی میں تملیک شرط ہے اور ان صورتوں میں تملیک نہیں پائی جاتی
(فتاویٰ عالمگیری جِلد اول مصری صفحہ ۱۷۶ میں ہے؛
”لا يجوز أن يبني با لزكوة المسجد و كذا الحج و كل مالا تمليك فيه كذا في التبيين مخلصا ”
اور بہار شریعت حصہ پنجم ص ۵۸ میں در مختار و غیرہ سے ہے کہ؛ بغیر تملیک زکاۃ ادا نہیں ہو سکتی پھر تحریر فرمایا کہ بہت سے لوگ مال زکاۃ اسلامی مدارس میں بھیج دیتے ہیں اُن کو چاہیے کہ متولی مدرسہ کو اطلاع دیں کہ یہ مال زکوۃ ہے تاکہ متولی اس مال کو جدا رکھیں اور مال میں نہ ملائیں اور غریب طلبہ پر صَرف کرے، کسی کام کی اُجرت میں نہ دے ورنہ زکوۃ ادا نہ ہوگی
[فتاویٰ فیض الرسول جلد اول ص۴۹۳]
اور فتاویٰ مرکز تربیت افتاء میں ہے؛ زکاۃ و صدقات کے اصل مستحقین غرباء ومساکین ہیں،
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے
"انما الصّدقات للفقراء والمسٰکین"
(پارہ ۱۰، التوبہ، آیت نمبر ۶۰)
لیکن مدارس اسلامیہ جن میں دینی تعلیم ہوتی ہے اور زکاۃ کی رقم کے بغیر وہ چل نہیں سکتے اور دین کی بقا کے لئے ان کا وجود ضروری ہے اگر انکا مدار صرف صدقات نافلہ اور چندے پر رکھا جائے تو وہ ختم ہی ہوجائیں گے اس لئے ان کے تحفظ کے شرعی ضرورت متحقق ہے اور اسی ضرورت شرعی کے بنیاد پر فقہاء کرام نےیہ اجازت دی ہے کہ زکوۃ اور دوسرے صدقات واجبہ کی رقوم کو حیلہ شرعی کر کے مدرسے میں لگا سکتے ہیں، لیکن اگر کوئ مدرسہ ایسا ہے جس کے ذمہ داران بغیر حیلہ شرعی زکوۃ کی رقم مدرسہ کی بلڈنگ یا دوسرے کاموں میں لگاتے ہیں تو یہ ناجائز ہے اور اس طرح سے زکوۃ بھی ادا نہیں ہوگی
[فتاویٰ مرکز تربیت افتاء، کتاب الزکاۃ، جلد اول، صفحہ ۴۳۹]
والله ورسولہ ﷺ اعلم باالصواب
کتبہ؛ محمد عارف رضوی قادری
انٹیاتھوک بازار گونڈہ یوپی
رابطہ ☜ 8795487820
1 تبصرے
ماشاء اللہ بہت عمدہ
جواب دیںحذف کریں