اَلسَّلَامْ عَلَیْڪُمْ وَرَحْمَةُ اللہِ وَبَرَڪَاتُہْ
کیا فرماتے ہیں علماۓ کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں حضرت شاہ بدیع الدین زندہ شاہ مدار رحمتہ اللہ علیہ کون ہیں ان کا سلسلہ کیا ہے اور آپ کے سلسلے میں بیعت کرتے وقت کالا کپڑا سر پہ باندھتے ہیں اور پھرکبھی بال بھی نہیں کٹواتے ہیں اور ہم نے سنا تھا کہ علماۓ فرماتے ہیں کہ حضرت نے اپنا خلیفہ کسی کو نہیں بنایا نیز مرید ہو نا کیسا ہے
السائل؛ محمد جاوید ایم پی

وَعَلَیْڪُمْ اَلسَّلَامْ وَرَحْمَةُ اللہِ وَبَرَڪَاتُہ
الجواب بعون الملک الوہاب
 حضرت بدیع الدین قطب المدار رحمۃ اللہ علیہ بلا شبہہ ولی کامل عارف باللہ و کشف وکرامات مشہور بزرگ گزرے ہیں جیسا کہ حضور شارح بخاری حضرت علامہ مفتی شریف الحق امجدی تحریر فرماتے ہیں کہ قُطبُ المَدار، حضرت سیّد بَدیعُ الدین احمد شاہ مَدار علیہ رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت غالباً 716ھ میں ہوئی۔ آپ عُلوم و فُنون میں ماہر، پابندِ شریعت،* *ولیِ کامل، عارف باللہ اور اَکابر اَولیا سے ہیں۔ 18جُمادَی الاُولٰی 840ھ میں وِصال فرمایا، آپ کا مَزار مُبارک دارُالنُّور مکن پور (ضلع کان پور، مشرقی یوپی) ہند میں مَرجعِ خلائق ہے
(فتاویٰ شارح بخاری،جلد ۲،ص ۲۴۸،)
(مِرآۃ الاسرار، ص1096)
 اور سلسلہ مداریہ میں بیعت ہونا جائز نہیں اسلئے کہ یہ سلسلہ سوخت ہے حضور شارح بخاری حضرت علامہ مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ؛ سبع سنابل شریف میں حضرت میر عبدالواحد بلگرامی رحمۃ اللہ علیہ تحریرفرماتے ہیں کہ حضرت بدیع الدین زندہ شاہ مدار قدس سرہ نے فرمایا میں نے اب تک کسی کو اجازت وخلافت نہیں دی ہے اور آئندہ نہیں دوں گا اس روایت کی رو سے سلسلہ مداریہ منقطع(ختم) ہے مداری پیر جو پیری مریدی کرتے ہیں وہ صحیح نہیں_
(فتاویٰ شارح بخاری جلد دوم ص ۱۷۸)
 (تنبیہ) اب جب سلسلہ مداریہ منقطع ہے تو اس سلسلہ میں مرید ہونا درست ہی نہیں تو کالا کپڑا باندھنا، بال نہیں کٹوانا یہ سب سراسر جہالت ہے لہٰذا مسلمانان اہلسنت کو چاہئے کہ اس سلسلہ میں بیعت ہرگز و ہرگز نہ ہوں

والله ورسولہ ﷺ اعلم باالصواب
 محمد عارف رضوی قادری گونڈوی انٹیاتھوک بازار گونڈہ یوپی