السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
 علمائے کرام کی بارگاہِ میں ایک سوال ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ان عورت سے شادی کرو جو زیادہ اولاد دیں تو علمائے کرام رہنمائی فرمائیں کہ کیسے معلوم کرے کون عورت زیادہ اولاد دیگی قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی
 المستفتی احمد رضا نوری مدھوبنی بہار 

وعلیکم السلام.ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
الجواب بعون الملک والوہاب 
وعن معقل بن یسار قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تزوجوا الودود الولود فانی مکاثر بکم الامم ۔ (رواہ ابو داؤد والنسائی) 
روایت ہے حضرت معقل بن یسار سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ محبت کرنے والی بچے جننے والی عورتوں سے نکاح کرو کیونکہ میں تمہاری کثرت کی وجہ سے امتوں پر فخر کرونگا ۔ اھ
(مشکوٰۃ المصابیح ج:2/ص:275/ کتاب النکاح/ مکتبہ رحمانیہ اردو بازار لاہور پاکستان) 
 مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا کہ آقا کریم علیہ الصلاۃ والتسلیم نے محبت کرنے والی اور بچے جننے والی عورتوں سے نکاح کا حکم فرمایا اب سوال یہ کہ یہ دونوں وصف ( محبت کرنا ، بچے جننا) عورتوں میں کیسے معلوم ہوں ؟ تو اس کے متعلق مفسر شہیر حکیم الامت حضرت مفتی احمد یار خاں نعیمی صاحب قبلہ رحمہ اللہ تعالیٰ مذکورہ حدیث کی وضاحت کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں کہ " خیال رہے کہ بیوہ عورت کے یہ دونوں وصف اسکی گزشتہ زندگی سے معلوم ہونگے اور کنواری کے یہ اوصاف اسکی خاندانی عورتوں سے ظاہر ہونگے کیونکہ اکثر لڑکیاں اپنی خاندانی عورتوں سے پہچانی جاتی ہیں" اھ 
(مرأۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح ج:5/ص:23/نکاح کا بیان/ مرکزالعلوم الاسلامیہ اکیڈمی) 
واللہ تعالیٰ اعلم 
 کتبہ؛محمد اسرار احمد نوری بریلوی 
 (۷شوال المکرم ۴۴۴١؁ھ بروز جمعہ)
 فیضان غوث.وخواجہ گروپ