السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین کہ ہندہ نے زید کی زوجیت میں رہتے ہوئے بکر سے نکاح کیا جب اہل خانہ نے کہا کہ یہ بالکل خلاف شرع ہے تمہارا نکاح ہی نہیں ہوا ہے اس پر ہندہ کہتی ہے کہ میں کسی شریعت کو نہیں مانتی ہوں
اور نہ ہی میں کسی عدت وغیرہ کو مانتی ہوں اب شرعاً ہندہ پر کیا حکم عائد ہوتا ہے بحوالہ جواب عنایت فرمائیں۔
سائلہ۔رضوانہ افضل خان ممبئی
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوہاب
پہلی بات یہ کہ عورت کو ہرگز ہرگز جائز نہیں کہ اپنے شوہر کے نکاح میں رہتے ہوئے دوسرے سے نکاح کرے کہ یہ نکاح نہیں, خالص زنا ہوگا۔
قرآن پاک میں ہے:
"وَالۡمُحۡصَنٰتُ مِنَ النِّسَآءِ۔"
(سورۃ النساء آیت ٢٤)
اور حرام ہیں شوہر دار عورتیں (کنزالایمان)
فتاوی عالمگیری میں ہے:
"لايجوز للرجل أن يتزوج زوج غيره اھ"
(کتاب النکاح, باب المحرمات, ج١, ص٣٠٩ , مطبوعہ دارالکتب العلمیۃ بیروت لبنان)
"یعنی کسی مرد کو جائز نہیں کہ غیر کی بیوی سے شادی کرے۔"
دوسری بات ہندہ کا یہ کہنا کہ "میں شریعت کو نہیں مانتی" یا یہ کہنا کہ " اور نہ ہی میں کسی عدت وغیرہ کو مانتی ہوں "
یہ دونوں جملے صریح؟ کفر ہیں کیوں کہ پہلا جملہ قرآن مجید میں آئی آیتِ حرمتِ محصنات
وَالْمُحْصَنٰتُ مِنَ النِّسَاءِ"
"
کا انکار ہے
اور دوسرا جملہ پہلی آیتِ عدت
" وَالْمُطَلَّقٰتُ یَتْرَبَّصْنَ بِاَنْفُسِھِنَّ ثَلٰثَہَ قُرُوْءٕ "
اور دوسری آیتِ عدت
" وَاللَّذِیْنَ یُتَوَفَّوْنَ مِنْکُمْ وَ یَذَرُوْنَ اَزْوَاجًا یَّتْرَبَّصْنَ بِاَنْفُسِھِنَّ اَرْبَعَۃَ اَشْھُرٕ وَّ عَشْرًا"
اور تیسری آیتِ عدت
" وَاُوْلَاتُ الْاَحْمَالِ اَجَلُھُنَّ اَنْ یَضَعْنَ حَمْلَھُنَّ "
کا انکار ہے!
پھر ارادۂ توہین ہو یا نہ ہو بہر صورت ہندہ کافرہ ہوگئی! کتاب الله کے صریح احکام کا انکار کرنے کے سبب،
اب دوسرا شخص جس سے نئی شادی کا ڈھکوسلہ کیا ہے اس سے جدا ہو کر توبہ و استغفار مع تجدیدِ ایمان و نکاح لازمی ہیں ! پھر سے مسلمان ہونے اور نکاحِ سابق بحال رکھنے کے لئے فورآ حکمِ توبہ و استغفار نیز تجدیدِ ایمان و نکاح بجا لائے! ورنہ سب مسلمان اس کا ہر طرح کا دینی و سماجی بائیکاٹ کریں ورنہ وہ بھی اس کے جرم کے ساتھی ٹھہریں گے!
حدیث جبرئیل میں ہے :
" قال جبرئیل، فاخبرنی عن الایمان، قال ان تومن باللہ و ملئکتہ و کتبہ و رسلہ و الیوم الآخر و تؤمن بالقدر خیرہ و شرہ ۔"
(صحیح مسلم صفحہ 27 کتاب الایمان، مجلس برکات)
اور یہاں ہندہ سے"و کتبہ" کا انکار ثابت ہے!
العیاذ باللہ منہ
واللہ اعلم بالصواب
کتبہ: محمد آفتاب عالم رحمتی دہلوی
چھتیس گڑھ
✅الجواب صحیح
خلیفۂ حضور تاج الشریعہ
حضرت علامہ مفتی سید شمس الحق برکاتی
مصباحی دامت برکاتہم العالیہ
0 تبصرے