السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام مسںٔلہ ذیل کے بارے میں کہ نماز جنازہ کا انکار کرنے والے پر حکم شرع کیا ہے
علمائے کرام رہنمائی فرمائیں مہربانی ہوگی؛
ساںٔل؛ محمد زبیر بلرام پور یوپی
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوہاب
نماز جنازہ کا منکر کافر ہے؛ جیسا کہ امام اہلسنت فقیہ باکمال امام احمد رضا خان قدس سرہ العزیز تحریر فرماتے ہیں:
جو شخص حدیث کا منکر ہے وہ نبی صلی ﷲ تعالٰی علیہ وسلم کا منکر ہے اور جو نبی صلی ﷲ تعالٰی علیہ وسلم کا منکر ہے وہ قرآن مجید کا منکر ہے اور جو قرآن مجید کا منکر ہے ﷲ واحد قہار کا منکر ہے اور جو ﷲ کا منکر ہے صریح مرتد کافر ہے اور جو مرتد کافر ہے اسے اسلامی مسائل میں دخل دینے کا کیاحق۔
اللہ عزوجل فرماتا ہے:
"وَمَاۤ اٰتٰىکُمُ الرَّسُوۡلُ فَخُذُوۡہُ ۚ وَمَا نَہٰىکُمْ عَنْہُ فَانۡتَہُوۡا "
رسول جو کچھ تمہیں دیں وہ لو اور جس سے منع فرمائیں باز رہو۔
اور فرماتا ہے:
فَلَا وَرَبِّکَ لَا یُؤْمِنُوۡنَ حَتّٰی یُحَکِّمُوۡکَ فِیۡمَا شَجَرَ بَیۡنَہُمْ ثُمَّ لَا یَجِدُوۡا فِیۡۤ اَنفُسِہِمْ حَرَجًا مِّمَّا قَضَیۡتَ وَیُسَلِّمُوۡا تَسْلِیۡمًا"ق
اے نبی!تیرے رب کی قسم وہ مسلمان نہ ہوں گے جب تك تجھے ہر اخلاقی بات میں حاکم نہ بنائیں پھر اپنے دلوں میں تیرے فیصلہ سے کچھ تنگی نہ پائیں اور اچھی طرح دل سے مان لیں۔
نماز سنت و جنازہ اور التحیات درود شریف کا حکم قرآن مجید میں صراحتاً موجود ہے،
"من لم يجعل الله له نورا فما له من نور"
جسے اللہ نے نور نہ دیا اس کے لئے کہیں نور نہیں،
(فتاویٰ رضویہ شریف جدید جلد (۱۴) ص (۳۱۳) ناشر دعوت اسلامی)
اور فقیہ اعظم ہند حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی قدس سرہ العزیز تحریر فرماتے ہیں:
نمازِ جنازہ فرض کفایہ ہے کہ ایک نے بھی پڑھ لی تو سب بری الذمہ ہوگئے، ورنہ جس جس کو خبر پہنچی تھی اور نہ پڑھی گنہگار ہوا۔ (عامۂ کتب) اسکی فرضیت کا جو انکار کرے کافر ہے۔
(بہار شریعت جلد اول حصہ (۴) ص (۸۲۸) ناشر دعوت اسلامی)
خلاصہ- کلام یہ ہے کہ نماز جنازہ کا انکار کرنے والا مرتد ہے اس کو چاہیے کہ صدق دل سے اللہ کی بارگاہ میں توبہ کرے اور آئندہ ایسے کلام نہ بولنے کا عہد کرےاور اسلام کی ہر ایک چھوٹی بڑی بات پر دل سے یقین رکھے اور زبان سے اقرار کرے اور تجدید ایمان و نکاح کرے اور اگر کسی کا مرید ہے تو تجدید بیعت بھی کرے؛
وھو تعالیٰ اعلم ثم رسولہ اعلم
کتبہ؛ محمد راشد مکی
خطیب و امام نوری مسجد گرام منگوری پٹی پوسٹ بہار بزرگ ضلع کشی نگر اتر پردی
0 تبصرے