السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
بعد سلام عرض ہے کہ کسی سُنّی مسلمان کو کافر کہنا کیسا ہے؟ جواب عنایت فرما کر شکریہ کا موقع دیں۔ 
سائل محمد سفیان بہرائچ شریف 

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
الجواب بعون الملک الوھاب 
کسی مسلمان کو اعتقاداً کافر کہنا کفر ہے البتہ بطور گالی کسی مسلمان کو کافر کہنا شدید گناہ ہے، 
حدیث شریف میں ہے رسول الله صلی الله تعالی علیہ وسلم فرماتے ہیں؛؛ ایما امرئ قال لاخیہ کافرا فقد باء بھا احدھما، زاد مسلم ان کان کما قال والا رجعت الیہ۔ جو کسی کلمہ گو کو کافر کہے ان دونوں میں ایك پر یہ بلا ضرور پڑے گی،اگر جسے کہا وہ فی الحقیقۃ کافر ہے تو خیر، ورنہ یہ کفر کا حکم اسی قائل پر پلٹ آئے گا۔
(صحیح البخاری باب من اکفر اخاہ الخ قدیمی کتب خانہ کراچی ۲/ ۹۰۱۔ )
درمختار میں ہے: عزرالشاتم بیاکافر وھل یکفر ان اعتقد المسلم کافرا نعم والالابہ یفتی۔ "یا کافر" کے ساتھ گالی دینے والے پر تعزیر نافذ کی جائے گی، کیا وہ شخص کافر ہوگا جو مسلمان کو کافر گردانتاہے؟ (کافر اعتقاد کرتا ہے) ہاں وہ کافر ہوگا اور اگر کافر نہیں گردانتا ہے تو کافر نہیں، اسی پرفتوی ہے۔
(درمختار، باب التعزیر، مطبوعہ مطبع مجتبائی دہلی ، ۱/ ۳۲۷)
علامہ ابراہیم اخلاطی نے فرمایا: المختار للفتوی فی جنس ھذہ المسائل ان القائل اذا اراد بہ الشتم لایکفرو اذا اعتقد کفرالمخاطب یکفر لانہ لما اعتقد المسلم کافرا فقد اعتقد ان دین الاسلام کفرومن اعتقد ھذا فھو کافر۔ 
ان مسائل میں مختار اورمفتی بہ یہ ہے کہ اگر قائل نے اس سے گالی مراد لی تو کافر نہیں ہوگا اور جب مخاطب کو کافرجانے گا تو کافر ہوجائے گا کیونکہ جب اس نے ایک مسلمان کو کافر جانا تو گویا اس نے دین اسلام کو کفرجانا اور جو ایسی بات کا اعتقاد رکھے وہ کافر ہوتا ہے۔
(جواہراخلاطی کتاب السیر، فصل فی الجہاد (قلمی نسخہ ص۶۹۔ ماخوذ فتاویٰ رضویہ جدید ج 6...713 مکتبہ روح المدینہ اکیڈمی موبائل ایپ) 
بہار شریعت میں در مختار وردالمحتار کے حوالہ سے ہے: کسی مسلمان کو کافرکہا تو تعزیر ہے رہا یہ کہ وہ قائل خود کافر ہو گا یا نہیں اس میں دو صورتیں ہیں اگر اسے مسلمان جانتا ہے تو کافر نہ ہوا۔ اور اگر اسے کافر اعتقاد کرتا ہے تو خود کافر ہے کہ مسلمان کو کافر جاننا دین اسلام کو کفر جاننا ہے اور دین اسلام کو کفر جاننا کفر ہے۔ ہاں اگر اس شخص میں کوئی ایسی بات پائی جاتی ہے جس کی بنا پر تکفیر ہو سکے اور اس نے اسے کافر کہا اور کافر جانا تو کافر نہ ہوگا۔
(حصہ نہم،411 ناشر دعوت اسلامی موبائل ایپ)
واللہ اعلم باالصواب 
کتبہ؛ محمد مشتاق احمد رضوی 
جامعہ رضویہ فیض القرآن سلیم پور نزد کلیرشریف اتراکہنڈ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 
(۲۸ ربیع الاول ۴۴۴١؁ھ بروز منگل) 
فیضان غوث و خواجہ گروپ میں ایڈ ہونے کے لیے رابطہ کریں؛ (7800878771)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
 ✅الجواب صحیح : خلیفۂ حضور تاج الشریعہ 
حضرت مفتی سید شمس الحق برکاتی مصباحی دامت برکاتہم العالیہ 
✅ الجواب صحیح والمجیب نجیح :- 
حضرت علامہ مولانا مفتی محمد جابر القادری رضوی صاحب قبلہ جمشید پور 
✅الجواب صحیح :- 
حضرت مولانا مفتی محمد اسامہ قادری صاحب قبلہ پاکستان 
منجانب؛ فیضان غوث.وخواجہ گروپ