السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماء کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ گیارہویں شریف کیا ہے سائل: 
محمد شریف جموں وکشمیر 

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
الجواب بعون الملک الوہاب 
گیارہویں شریف حضور سیدنا غوث اعظم رضی اللہ عنہ کے ایصال ثواب کے لیے منعقد کی جانے والی محفل کو کہا جاتا ہے۔، آپ رضی اللہ عنہ کا یومِ وفات ۱۱ ربیع الثانی ہے، تواس مناسبت سے آپ کے ایصال ثواب کے لیے گیارہویں شریف کے نام سے محافل کا انعقاد کیا جاتا ہے اور ان محافل میں قرآن خوانی،نعت خوانی و بیان وذکر و اذکار اور ذکرِ صالحین کے ساتھ ساتھ طعام و فاتحہ وغیرہ امور خیر کا اہتمام کیا جاتا ہے اور ایصال ِثواب کی صورت میں سیدنا غوث اعظم رضی اللہ عنہ کی بارگاہ اقدس میں نذرانہ پیش کیا جاتا ہے اور ایصال ثواب کرنا قرآن پاک، احادیث مبارکہ اور اقوال فقہاء و افعال سلف صالحین سے ثابت ہے۔ 
اور سیدی سرکار اعلیٰ حضرت مجدد دین و ملت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ والرضوان فرماتے ہیں: ”گیارہویں شریف اپنے مرتبہ فردیت میں مستحب ہے اور مرتبہ اطلاق میں کہ ایصال ثواب ہے، سنت ہے اورسنت سے مراد سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور یہ سنت قولیہ مستحبہ ہے ، سنیوں میں کوئی اسے خاص گیارہویں تاریخ ہو نا شرعا واجب نہیں جانتا اور جو جانے محض غلطی پر ہے ایصال ثواب ہر دن ممکن ہے اور کسی خصوصیت کے سبب ایک تاریخ کا التزام، جبکہ اسے شرعاً واجب نہ جانے مضائقہ نہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر پیر کو نفلی روزہ رکھتے، کیا اتوار یا منگل کو رکھتے تو نہ ہوتا ؟یا اس سے یہ سمجھا گیا کہ معاذاللہ! حضور نے پیر کا روزہ سمجھا یہی حکم تیجے اور چہلم کا ہے۔ 
(فتاوی رضویہ، جلد۹، صفحہ ۶۰۶، رضا فاؤنڈیشن لاھور 
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ؛ محمد عارف رضا رضوی قادری 
انٹیاتھوک بازار ضلع گونڈہ یوپی