السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ کیا صحابہ کرام(رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین) کا مقام و مرتبہ فرشتوں (علیہم السلام) سـے بھی افضل ہے 
مدلل ومفصل جواب عنایت فرمائیں بڑی مہربانی ہوگی،
 سائل: محمد آصف رضا گجرات 

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
الجواب بعون الملک الوہاب 
صورت مستفسرہ میں اختلاف ہے اور اس کی تفصیل کچھ اس طرح ہے کہ بعض نے انسانوں کو افضل قر ار دیا ہے اور اس پر دلائل پیش کیا ہے جیسے کرمنا بنی آدم وغیرہ اور بعض نے فرشتوں کو افضل قرار دیا ہےاور انہوں نے ملائکہ پر ایمان لانے والی آیت سے استدلال کیا ہے اور تیسرا فریق کا کہنا ہے کہ جو بشر رسول ہیں وہ رسل ملائکہ سے افضل ہیں اور جو ملائکہ رسول ہیں وہ عام انسان سے افضل ہیں اور عام انسان عام ملائکہ سے افضل ہیں اور عام انسان سے مراد ماسواء انبیاء صحابہ ؤصالحین ہیں اوریہی راجح ہے تو اس اعتبار سے دیکھا جائے تو کہنا پڑے گا کہ صحابہ رضوان اللہ علیھم اجمعین عام ملائکہ سے ہیں البتہ رسل ملائکہ صحابۂ کرام سے افضل ہیں 
 جیساکہ شرح عقائد نسفی میں ہے؛ رسل البشر افضل من رسل الملائكة ورسل الملائكة افضل من عامة البشر وعامة البشر افضل من عامة الملائكة اما تفضيل رسل الملائكة على عامة البشر فبالاجماع بل بالضرورة؛ (شرح العقائد،صفحہ ۱۶۶ رسل البشر افضل من رسل الملائكۃ مجلس برکات) 
بشر میں جو (انبیاء و) رسل ہیں وہ ملائکہ (کی جماعت) کے رسل سے ا فضل ہیں اور ملائکہ (کی جماعت) کے رسل عام انسان سے افضل ہیں اور عام انسان (یعنی متقی و صالحین نہ کہ فاسق وفاجر چونکہ ان کی ذم پرنص وارد ہے)عام ملائکہ سےافضل ہےلیکن ملائکہ (کی جماعت) کے رسل کی تفضیل عام انسان پر اجماع سے (ثابت) ہے بلکہ ضرورت (یعنی ضرور یات دین میں سے ایک ضرورت دین) سے ہے 
اور شارح بخاری مفتی شریف الحق امجدی قدس سرہ العزیز نےاسی طر ح کے ایک سوال میں جواب تحریر فرماتے ہوئے شرح عقائد نسفی کی اسی مذکورہ عبارت کا حوالہ دیا ہے، (ماخوذ فتاویٰ شارح بخاری، کتاب العقائد، جلداول، عقائدمتعلقہ قرآن ملائکہ، ص ۶۶۱) 
جس سے واضح ہوجاتا ہے صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کو عام ملائکہ علیھم السلام پر فضیلت حاصل ہے 
لہذا ان حوالہ جات سے صاف ظاہر وباہر ہوگیا کہ انبیاء کرام علیھم السلام رسل ملائکہ علیھم السلام سے افضل ہیں اور رسل ملائکہ عام بشر سے افضل ہیں اور صحابۂ کرام اور اولیاء کاملین عام ملائکہ سے افضل ہیں اکابرین اہلسنت کے نز د یک یہی موقف راجح ہے 
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب 
کتبہ؛ محمد عارف رضوی قادری گونڈوی