السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علما اہلسنت اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا سب سے پہلے رمضان المبارک کی خبر دینے سے دوزخ کی آگ حرام ہو جاتی ہے اور کیا ایسی کوئی روایت بھی ہے؟؟
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
جواب؛ ایسی کوئی روایت نہیں ہے یہ بے اصل لغو ہے؛
اس لیے کہ کسی بندے کو جھوٹا ہونے کےلیے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ سنی سنائی باتوں پر یقین کرلے اور ان کو تحقیق کیۓ بغیر آگے شیئر کرنا شروع ہوجائے، یہی حال آجکل سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کا بنتا جا رہا ہے کہ جو بھی چیز آئی، اس کو بغیر جانیں سوچے سمجھے دوسروں کے پاس شیئر کرنا شروع کردیتے ہیں اور بعض لوگ تو پڑھے بغیر، شیئر کرنا شروع کر دیتے ہیں اور بعض لوگوں کو تو اپنی پوسٹ کو عام کرنے کا اتنا شوق اور جنون ہوتا ہے کہ ساتھ میں لکھ دیتے ہیں کہ اگر مسلمان ہو تو لازمی شیئر کرو (معاذ اللہ) تو گویا ان کی نکمی اور فضول پوسٹ شیئر کرنے پر مسلمانی موقوف ہے۔
بہرحال ایسا کچھ تحریر ہوتا ہے کہ؛ رمضان کا پہلا روزہ ۳ مئی ۲۰۲۲ بروز اتوار کو شروع ہوگا اور حدیث میں ہے کہ جو شخص رمضان کی خبر کسی کو سب سے پہلے دے گا اس پر دوزخ کی آگ حرام ہے ہوجاتی؛
یہ پوسٹ بہت زیادہ وائرل ہو رہی ہے، حالانکہ یہ موضوع روایت (یعنی جھوٹی گھڑی ہوئی روایت) ہے، لہذا اس کو ہرگز شیئر نہ کیا جائے۔
اور احتیاط کا تقاضہ ہے کہ جب تک حوالہ نہ ہو اور خود اصل کتاب سے تشفی و تسلی نہ کرلی جائے یا کسی سنی مفتی یا سنی عالم سے تصدیق نہ کروالی جائے، تو تب تک کسی بھی حدیث یا دینی مسئلے کو شیئر نہ کیا جائے، کیونکہ یہ بہت نازک معاملہ ہے،
اور جھوٹی حدیث گھڑنے کے متعلق رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے :
”عَنْ جَابِرٍ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰهِ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ مَن کَذَبَ عَلَیَّ مُتَعَمِّدًا فَلْیَتَبَوَّا مَقْعَدَهُ مِنْ النَّارِ”
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جو شخص جان بوجھ کر میری طرف کسی بات کی جھوٹی نسبت کرے اسے جہنم میں اپنا ٹھکانہ بنا لینا چاہیے ۔
(مسند امام احمد بن حنبل مترجم جلد ششم حدیث نمبر ۱۴۳۰۵, ص ۵۵ مکتبہ رحمانیہ)
جبکہ بے علمی کی وجہ سے جھوٹا اور غلط مسئلہ بیان کرنے کے متعلق رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : "مَنِ افْتٰی بِغَیْرِعِلْمٍ لَعَنَتْہٗ مَلاَئِکَةُ السَّمَاءِ وَالْاَرْضِ"
یعنی جو بغیر علم کے فتوی دے، اس پر آسمان و زمین کے فرشتے لعنت کرتے ہیں۔ (کنزالعمال جلد 10 رقم الحدیث: 29014 بیروت)
(تنبیہ) سبھی خوش عقیدہ مسلمانوں کو ایسی پوسٹ یا کوئی بھی پوسٹ ہو یا حدیث ہو یا کوئی تحریر ہو بغیر تحقیق کیے یا کسی عالم و مفتی سے تحقیق کروائے بغیر شوشل میڈیا پر شیئر نہ کیا کریں اس پر خود بھی عمل کریں اور دوسروں کو بھی بتائیں؛؛
والله ورسولہ ﷺ اعلم باالصواب
کتبہ؛ محمد عارف رضوی قادری گونڈوی انٹیاتھوک بازار گونڈہ یوپی
0 تبصرے