السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ عبادت کی جو توہین کرے اس پر شریعت کا کیا حکم نافذ ہوگا
المستفی محمد کامران خان
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب
قرآن مقدس میں رب تبارک و تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: "وَمَنْ یُّعَظِّمْ شَعَآىٕرَ اللّٰهِ فَاِنَّهَا مِنْ تَقْوَى الْقُلُوْبِ(سورۃ الحج آیت نمبر ٣٢)
جو اللہ کے نشانوں کی تعظیم کرے تو یہ دلوں کی پرہیزگاری سے ہے(کنزالایمان)
اس آیت کی تفسیر میں مفسرین عظام فرماتے ہیں عبادات شعائر اللہ میں سے ہے اور شعائر اللہ کی توہین کفر ہے
فتاویٰ شارح بخاری میں ہے:"داڑھی کی توہین اس نیت سے کرنا کہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے اسلام کے شعار میں سے ہے تو کفر ہے" اھ (ج ٢ ص ٣٥٩ کتاب العقائد باب الفاظ الکفر)
اسی طرح دیگر عبادات کی بھی توہین وتحقیر کفر ہے
فتاویٰ شارح بخاری میں ہے:"نماز کی توہین کفر ہے" اھ(ج ٢ ص ٣٣٥کتاب العقائد باب الفاظ الکفر)
اسی میں ہے:" حکم شرع کی تحقیر کفر ہے"اھ(ج ٢ ص ٤١٢کتاب العقائد باب الفاظ الکفر).واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب.
کتبہ محمد انوار رضا فیضی
خطیب وامام نور محمدی مسجد ریتی بندر پسٹم ساگر روڈ نمبر 6 چمبور ممبئی
0 تبصرے