السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سوال؛ مسلک اور مذہب میں فرق واضح کریں کرم ہوگا؟
سائل؛ محمد شعبان گونڈہ یوپی

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم 
الجواب: مذہب اور مسلک دونوں عربی زبان کے الفاظ ہیزن اور لغوی طور پر ہم معنیٰ یا قریب المعنیٰ ہیں،
مذہب کا لغوی معنیٰ ہے جانے کا راستہ،  مجازاً اس سے مراد ہے کسی شخص یا گروہ کی راہ حیات اور شرعی اصطلاح میں فقہی مسائل میں آئمہ و علماء کی اجتہادی آراء کو مذہب کہا جاتا ہے حنفیہ، شافعیہ، مالکیہ، حنبلیہ، جعفریہ، وغیرہ فقہی مذاہب ہیں، جیسے کہا جاتا ہے فلاں مسئلہ میں امام شافعی اور امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ کا مذہب ہے 
مسلک کے لغوی معنیٰ بھی راہ راستہ اور چلنے کی جگہ کے ہیں مجازاً اس سے مراد نظریۂ حیات و مکتبۂ فکر ہے اور شرعی اصطلاح میں فروعی و مختلف فیہ مسائل کے بارے میں آئمہ و علماء کی اعتقادی آراء کو مسلک کہا جاتا ہے جیسے مسلک اہل سنت، مسلک اہل تشیع، مسلک ماتریدہ، مسلک اشعریہ وغیرہ؛
واللہ اعلم بالصواب 
کتبہ؛ محمد التمش الانصاری المصباحی