السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ حضور نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا ہےتہر فرقوں میں سے ایک ہی فرقہ جنتی ہے وہ کون سا فرقہ ہے اگر سنی جماعت کو آپ نے فرمایا ہے؟ تو قرآن و حدیث کی روشنی میں واضح فرمائیں مہربانی ہوگی
سائل؛محمد شاکر رضا رتلام مدھیہ پردیش
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوہاب
اہل سنت و جماعت ہی حق فرقہ ہے اور یہی جنتی فرقہ ہے۔ اس فرقہ کے جنتی ہونے کی احادیث میں نشاندہی ہے اور تمام صحابہ کرام، تابعین، ائمہ کرام، بزرگان دین انہی عقائد کے حامل تھے جن پر آج سنی لوگ ہیں ۔اب آپ کے سامنے احادیث، اقوال صحابہ اقوال اسلاف پیش کئے جاتے ہیں جن میں واضح انداز میں انہوں نے اہل سنت و جماعت کو جنتی فرقہ قرار دیا ہے ۔
سنت، کا معنی ہے، طریقہ اور اسلامی عقیدہ میں سنت سے مراد وہ طریقہ ہے جس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام علیہم الرضوان تھےـ اسی سے اہل سنت نکلا ہے جس کا معنی ہے رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم اورصحابہ کرام علیہم الرضوان کے نقش قدم پر چلنے والے-
جماعت سے مراد صحا بہ کرام علیہم الرضوان ، تابعین اور تبع تابعین کی وہ جماعت ہے جو کتاب وسنت پر قائم رہی۔ ”الـوجـيـز فـى عـقيدة السلف الصالح (أهل السنة والجماعة)“ اور دیگر کتب عقائد میں اہل سنت و جماعت کی لغوی اور اصطلاحی تعریف یوں کی گئی ہے کہ سنت کا لغوی معنی ہے طریقہ اور اصطلاحی معنی ہے وہ طریقہ جس پر رسول اللہ اور صحابہ کرام علماً ، اعتقاداً ، قولاً عملاً اورتقریراً تھے
"وتُطلق السنة أيضا على سُنن العبادات والاعتقادات ويقابل السنةا لبدعة “
اور لفظ سنت کا اطلاق سن عبادات پر بھی ہوتا ہے اور لفظ سنت بدعت کے بھی مقابل آتا ہے
”قال النّبي صلى الله عليه وعلى وسلم فإنه مـن يعش منكم بعدی فسیری اختلافا كثيرا ؛ فعليكم بستى وسنة الخلفاء المهديين الراشدين“
ترجمہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاتم میں سے جو میرے بعد زندہ رہے گا وہ شدید اختلاف دیکھے گا۔تم پر میری اور ہدایت یافتہ خلفاء کی سنت لازم ہے ۔ لفظ’ جماعت‘ جمع سے نکلا ہے جس کا لغوی معنی ہے کسی شے کا مل جانا اور یہ اجتماع سے مشتق ہے اور یہ تفرقہ کی ضد ہے
والجماعة العد الكثير من الناس وهي أيضا طائفة من الناس يجمعها غرض واحد "
ترجمہ: جماعت لوگوں کی کثرت کو کہا جا تا ہے اور یہ ایسا ہی ہے جیسے لوگوں کے ایک گروہ کا ایک غرض کے لئے جمع ہو جانا ۔اصطلاحی معنی میں جماعت کا مطلب ہے مسلمانوں کی جماعت
وهم سلف هذه الأمة من الصحابة والتابعين ومن تبعهم بإحسان إلى يوم الدين؛ الذين اجتمعوا على الكتاب والسنة ، وساروا على ما كان عليه رسول الله صلى الله عليه وعلى وسلم ظاهرا وباطنا وقد أمر الله تعالى عباده المؤمنين وحتّهم على الجماعة والائتلاف والتعاون ونهاهم عن الفرقة والاختلاف والتناحر ، فقال واعتصموا بحبل الله جميعا ولا تفرقوا ، وقال « ولا تكونوا كالذین تفرقوا واختلفوا من بعد ما جاء هم البينات » وقال النّبى صلى الله عليه وعلى وسلم (وإن هذه الملة ستفترق على ثلاث وسبعين، ثنتان وسبعون في النار وواحدة في الجنة وهى الجماعة ) وقال ((عليكم بالجماعة وإياكم) والفرقة ؛ فإن الشيطان مع الواحد ، وهو من الاثنين أبعد ، ومن أراد بحبوحة الجنة ، فليلزم الجماعة )
ترجمہ؛ اس جماعت مسلمین میں صحابہ وتابعین اور جنہوں نے ان صحابہ وتابعین کی قیامت تک اتباع کی وہ شامل ہیں۔ وہ جماعت جوقر آن وسنت پر رہی اور اس راہ پر چلے جس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ظاہر و باطناً تھے ۔اللہ عزوجل نے بندہ مؤمن کو اس جماعت کے ساتھ رہنے اور اس سے اختلاف وتفرقہ سے منع فرمایا۔اللہ عزوجل نے فرمایا: اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لواور تفرقہ میں نہ پڑو دوسری جگہ فرمایا : ان کی طرح نہ ہو جانا جنہوں نے تفرقہ اور اختلاف کیا بعد اس کے کہ ان کے پاس روشن دلیلیں آئیں ۔ حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : یہ امت تہتر فرقوں میں بٹ جاۓ گی، بہتر جہنم میں اور ایک جنت میں جائے گا اور وہ یہ جماعت ہوگی۔ دوسری حدیث پاک میں فرمایا: تم پر لازم ہے کہ جماعت کے ساتھ رہو اور تفرقہ
سے بچو۔شیطان ایک کے ساتھ ہے اور دو سے دور ہے ۔ جو جنت میں جانے کا ارادہ رکھتا ہے اس پر جماعت کے ساتھ رہنالازم ہے ۔
(الوجيز في عقيدة السلف الصالح ، جلد 1، صفحہ 23 ۔۔ وزارة الشؤون الإسلامية، المملكة العربية )
پتہ چلا کہ اہل سنت و جماعت دوحدیثوں سے لیا گیا ہے ۔ایک حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : میری اور خلفاء راشدین کی سنت کو تھامے رکھواور دوسری حدیث میں فرمایا : جماعت کو تھامے رکھو ۔ تو اہل سنت و جماعت کا یہ مطلب ہوا کہ وہ گروہ جورسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ، صحابہ کرام ، تابعین اور تبع تابعین علیہم الرضوان کے طریقہ پر ہے
(73 فرقے انکے عقائد صفحہ ۲۴،۲۳،۲۲)
والله ورسولہ ﷺ اعلم باالصواب
کتبہ؛ محمد عارف رضوی قادری
انٹیاتھوک بازار گونڈہ یوپی
0 تبصرے