روزے کی حالت میں تمباکو کھانا کیسا ہے؟
 
اَلسَّلَامْ عَلَیْڪُمْ وَرَحْمَةُ اللہِ وَبَرَڪَاتُہْ☆
 کیا علمائے کرام فرماتے ہیں مسلئہ ذیل کے بارے میں  روزے کی حالت میں کھینی کھانا کیسا ہے کیا اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے
سائل، محمد فیضان رضا جھارکھنڈ
 
وَعَلَیْڪُمْ اَلسَّلَامْ وَرَحْمَةُ اللہِ وَبَرَڪَاتُہْ 
الجواب بعون الملک الوہاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب؛
صورت مستفسرہ میں حالت روزہ میں اگر کھینی منھ میں رکھی جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا!!
جیسا کہ؛ حضرت علامہ مفتی عبدالمنان اعظمی علیہ الرحمہ فتاویٰ رضویہ کے حوالے سے ارشاد فرماتے ہیں کہ
 تمباکو کو جسے کھینی کہا جاتا ہے منھ میں رکھنے کو روزہ توڑنے والا بتایا گیا ہے
(فتاوی بحر العلوم جلد دوم صفحہ 276ََ)
اور فتاویٰ رضویہ میں ہے کہ
 تمباکو جیسی کھائی جاتی ہے وہ اگر منہ میں ڈالی جائیگی تو یقینا اس کا جرم لعاب کے ساتھ حلق میں جائے گا اور نسوار تو بہت باریک  چیز ہے جب اوپر کو سُونگی جائے گی ضرور دماغ کو پہنچے گی اور ان طلب والوں کے مقاصد بھی یونہی برآئیں گے اور فقہیات میں ایسا مظنون مثل متیقن ہے، یہ سب شیطانی وسوسے ہیں، ان چیزوں کے استعمال سے  روزہ ٹوٹ جائے گا
 (فتاویٰ رضویہ جلد ۱۰ صفحہ ۴۹۲)

والله ورسولہ ﷺ اعلم باالصواب
 کتبہ؛ محمد عارف رضوی قادری گونڈوی انٹیاتھوک بازار گونڈہ یوپی