قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اور اس کی تجوید اور قرأت کے مطابق تلاوت کرنا ایک اہم عبادت ہے۔ لیکن ولایت کا درجہ صرف تلاوت قرآن پر موقوف نہیں ہے۔ ولایت کے لیے ایمان، اعمال صالحہ، تقویٰ، اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ قربت ضروری ہے۔ 
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے؛ ”أَلَا إِنَّ أَوْلِيَاءَ اللَّهِ لَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ، الَّذِينَ آمَنُوا وَكَانُوا يَتَّقُونَ“ بیشک اللہ کے ولیوں پر نہ کچھ خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔ وہ جو ایمان لائے اور ڈرتے رہے۔ 
اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ ولایت کا اصل معیار ایمان اور تقویٰ ہے۔ تاہم، قرآن کریم کو درست تجوید کے ساتھ پڑھنا بہت بڑا عمل ہے اور یہ تقویٰ کی علامت ہے۔ جو شخص اللہ کی کتاب کو صحیح طور پر پڑھنے کی کوشش نہیں کرتا، اس کی ولایت کا دعویٰ کمزور و صحیح نہیں ہوسکتا ہے۔ ولایت کا درجہ پانے کے لیے کیا کیا چیزیں شرط ہیں؟ 
ولایت کا درجہ پانے کے لیے درج ذیل امور ضروری ہیں:
1.ایمان؛ 
اللہ تعالیٰ پر پختہ ایمان اور توحید کا عقیدہ ولایت کی بنیاد ہے۔
2.تقویٰ؛ 
تقویٰ یعنی اللہ کا خوف اور اس کی نافرمانی سے بچنا۔ تقویٰ کے بغیر ولایت ممکن نہیں۔
3.اطاعتِ الٰہی؛ 
اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کرنا، فرائض و واجبات ادا کرنا اور گناہوں سے بچنا ضروری ہے۔
4 ذکر و عبادت؛
اللہ کا ذکر، نماز، روزہ، اور دیگر عبادات میں مشغول رہنا ولی کی پہچان ہے۔
5 توکل علی اللہ؛
اللہ پر کامل بھروسہ کرنا اور تمام معاملات میں اس کی رضا کو ترجیح دینا۔
6 اخلاق حسنہ؛
نرمی، حلم، تواضع، اور دیگر اعلیٰ اخلاقی صفات اپنانا ضروری ہے۔
7 قرآن و سنت پر عمل؛
قرآن کریم کی تلاوت، اس پر عمل، اور نبی کریم ﷺ کی سنت پر چلنا۔ ولایت کے لیے قرآن کی اہمیت قرآن کریم ولایت کے راستے کی رہنمائی کرتا ہے۔ 
اللہ تعالیٰ فرماتا : اِنَّ هٰذَا الْقُرْاٰنَ یَهْدِیْ لِلَّتِیْ هِیَ اَقْوَمُ وَ یُبَشِّرُ الْمُؤْمِنِیْنَ الَّذِیْنَ یَعْمَلُوْنَ الصّٰلِحٰتِ اَنَّ لَهُمْ اَجْرًا كَبِیْرًا(9)وَّ اَنَّ الَّذِیْنَ لَا یُؤْمِنُوْنَ بِالْاٰخِرَةِ اَعْتَدْنَا لَهُمْ عَذَابًا اَلِیْمًا. 
ترجمہ: بےشک یہ قرآن وہ راہ دکھاتا ہے جو سب سے سیدھی ہے اور خوشی سناتا ہے ایمان والوں کو جو اچھے کام کریں کہ ان کے لیے بڑا ثواب ہےاور یہ کہ جو آخرت پر ایمان نہیں لاتے ہم نے ان کے لیے دردناک عذاب تیار کر رکھا ہے.
خلاصہ : قرآن کریم کو تجوید کے ساتھ پڑھنا بہت اہم ہے لیکن ولایت کا درجہ حاصل کرنے کے لیے ایمان، تقویٰ، اعمال صالحہ، اور اخلاق حسنہ بنیادی شرط ہیں۔ قرآن و سنت پر عمل کے بغیر ولایت ممکن نہیں۔ 
 واللہ اعلم بالصواب
مرتب؛ محمد نور جمال اجمیر شریف